ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی نافذ ہو چکی ہے ، اور مودی اپوزیشن کے اتحاد سے خوف زدہ ہو چکے ہیں۔ احمد پٹیل

,

   

احمد آباد: کانگریس کے خرانچی اورراجیہ سبھا کے ممبر احمد پٹیل نے آج کہا کہ مودی حکومت کے دوران آج کل ملک میں غیراعلان شدہ ایمرجنسی جیسا ماحول ہے۔ احمد  پٹیل نے یہاں صحافیوں سےکہا کہ ملک میں ریاستی اوراقتصادی ایمرجنسی جیسے حالات ہیں۔ اگر یہ کہا جائے کہ ملک میں غیراعلان شدہ ایمرجنسی ہے تو یہ غلط نہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے ملک کو 25 سال پیچھے دھکیل دیا ہےاور معیشت کو برباد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی پارٹی میں دوسری جماعتوں سے آنے والوں کے ساتھ’ استعمال کرواورپھینک دوں‘ کی پالیسی پر عمل کرتی ہے جبکہ کانگریس کے ساتھ ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے ان کے سامنے کانگریس میں شامل ہونے والے گجرات کے سابق وزیربمل شاہ کا خیرمقدم کرتے ہوئےکہا کہ ایسے وقت میں جب ریاست یا مرکزمیں کانگریس کی حکومت نہیں ہے، پارٹی اس فیصلے کےلئے ان کی شکرگزارہے۔ احمد پٹیل نے آج یہاں گجرات کی 26 لوک سبھا سیٹوں پرامیدواروں کے انتخاب کے سلسلے میں منعقد کانگریس کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں بھی شرکت کی۔
اس سے قبل سونیا گاندھی کے سیاسی مشیراحمد پٹیل نے کہا کہ اپوزشن کےعظیم اتحاد کے بارے میں وزیر اعظم نریندرمودی کے بیان اوران کی حالیہ حرکات و سکنات سے ایسا لگ رہا ہے کہ وہ اس سے ڈرگئے ہیں۔ احمد پٹیل نے آج یہاں گجرات کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت سے قبل صحافیوں سے کہا کہ نریندر مودی عظیم اتحاد کے بارے میں جس طرح سےبول رہے ہیں، اس سے صاف نظرآرہا ہے کہ انہیں کسی طرح کا ڈر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ ڈر آپ ان کی حالیہ حرکات و سکنات میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی صدر بھی جو پہلے یہ کہتے تھے کہ ان کی پارٹی 50 سال تک اقتدار میں برقرار رہے گی، وہ حال میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد یہ کہنے لگے ہیں کہ اگر بی جے پی اب ہارگئی تو اگلے200 برس تک مرکز میں اقتدار میں نہیں آپائے گی۔ یہ بھی ان کے خوف کوظاہر کرتا ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا ہے اوراس لئےعوام ان کوحمایت نہیں دیں گے‘۔  کانگریس کے خازن نےکہا کہ اب جب عام نظریات والی پارٹیاں اتحاد قائم کررہی ہیں تو بی جے پی کوڈراورفکر ہونی ہی چاہئے۔ انہیں یہ سوچنا چاہئےکہ سب ان کے خلاف کیوں ہیں۔

احمد پٹیل نے بعد میں مذکورہ میٹنگ میں اپنے خطاب کے دوران کانگریس کارکنوں کو گجرات میں لوک سبھا کی سبھی 26 سیٹوں (جو گزشتہ انتخابات میں بی جے پی جے جیت لی تھیں) میں سے زیادہ سے زیادہ پرجیت حاصل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 2014 کا ماحول مختلف تھا اوراب 2019 کا ماحول الگ ہے۔ بی جے پی حکومت نے ملک اور گجرات کو برباد کردیا ہے۔ ملک کی سلامتی کی صورتحال ابتر ہے، بدعنوانی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک پر 82 لاکھ کروڑاورگجرات پر تین لاکھ کروڑروپئے کا قرض ہوگیا ہے۔ یہ لوگ جھوٹی باتیں اور جھوٹے وعدے کرکے حکومت میں آئے تھے۔ ان لوگوں نے ملک کو 25 برس پیچھے دھکیل دیا ہے۔

سیاست نیوز