ملک میں کوروناکا نیا ویرینٹ‘24گھنٹوں میں 6اموات

   

358نئے کیس درج‘ہجوم والے مقام پر احتیاط برتنے کا عوام کو مشورہ
نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کی رفتار ایک بار پھر خوفزدہ کرنے لگی ہے۔ ہندوستان سمیت پوری دنیا میں کورونا نے ایک بار پھر سر اٹھانا شروع کر دیا ہے اور اب یہ مرض وبا کی طرح تباہی مچا رہا ہے۔ ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی وجہ سے 6 افراد کی موت ہوئی ہے اور 350 سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں میں کورونا سے 20 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 358 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 300 صرف کیرالا میں درج کیے گئے ہیں۔ اس عرصے کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے 6 افراد کی موت ہوئی ہے جن میں کرناٹک میں 2، پنجاب میں ایک اور کیرالا سے 3 افراد شامل ہیں۔ اس وقت ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 2669 ہے۔دراصل، کیرالا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے 300 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جب کہ انفیکشن کی وجہ سے تین لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ کیرالا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ۔19 کی وجہ سے تین مریضوں کی موت ہو گئی۔ملک ابھی تک کورونا کی وبا سے پوری طرح نجات نہیں پا سکا تھا کہ اب اس کے نئے سب ویرینٹ جے این.1 نے دستک دے دی ہے۔ کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے معاملوں نے ایک بار پھر ملک میں تشویش کی لہر پیدا کر دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی ریاستوں میں مختلف اصول نافذ کئے گئے ہیں۔کورونا کے نئے ویرینٹ کے پیش نظر چنڈی گڑھ انتظامیہ نے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے اور عوام کو ایک بار پھر ماسک لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ گنجان علاقوں میں ماسک ضرور پہنیں۔ وہیں ہجوم والے علاقوں میں جانے سے بچنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔کرناٹک میں کووڈ 19 کے 20 نئے معاملے رونما ہوئے ہیں اور اس وبا کی وجہ سے دو اور افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔دہلی کے وزیر صحت سورابھ بھدواج نے کل کہا کہ کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ ہے لیکن اس کی علامات ہلکی ہیں اور دہلی حکومت پوری طرح سے چوکس ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملات میں اضافے کے درمیان عہدیداروں نے بتایا کہ دہلی حکومت جینوم کی ترتیب کی نگرانی میں اضافہ کرے گی۔گوا، کیرالا اور مہاراشٹرا میں نئے کورونا وائرس کے معاملات سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے کووڈ سب ویرینٹ JN.1 کے اب تک سب سے زیادہ 19 معاملات گوا میں رپورٹ ہوئے ہیں، جب کہ کیرالا اور مہاراشٹرا میں ایک ایک کیس کا پتہ چلا ہے۔