ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 1.47 لاکھ تک جا پہونچی

,

   

بہار ‘ بنگال ‘ آسام اور اوڈیشہ میں وائرس کے پھیلاو میں شدت ۔ مائیگرنٹس کی واپسی وجہ
نئی دہلی 26 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 1.47 لاکھ تک جا پہونچی ہے جبکہ بہار ’ مغربی بنگال ‘ آسام اور اوڈیشہ جیسی ریاستوں میں اس وائرس کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دوسری ریاستوں سے ان ریاستوں کے مزدوروں کی واپسی کے نتیجہ میںیہ تعداد بڑھ رہی ہے ۔ اوڈیشہ کے چیف منسٹر نوین پٹنائک نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایام مزید مشکلات سے بھرے ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے اس وباء کی روک تھام کیلئے نئی حکمت عملی بنانے پر زور دیا ہے ۔ مہاراشٹرا ‘ گجرات اور ٹاملناڈو جیسی ریاستوں میں بھی متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پنجاب ‘ دہلی ‘ مدھیہ پردیش ‘ چھتیس گڑھ ‘ کیرالا ‘ کرناٹک اور آندھرا پردیش بھی ان ریاستوں میں شامل ہیں جہاںکیسیس میںاضافہ ہوا ہے ۔ کچھ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ جن علاقوں میں مائیگرنٹ ورکرس واپس آئے ہیں وہاں مزید چوکسی اختیار کرنے اور نگرانی کی ضرورت ہے تاکہ اس وائرس پر قابو پایا جاسکے ۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ ڈومیسٹک پروازوں کو بحال کرنے سے بھی مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے ۔ مرکزی وزارت صحت نے تاہم کہا کہ ملک میں کورونا سے صحتیاب ہونے والے مریضوںکے تناسب میں اضافہ ہوا ہے اور اموات کی شرح بھی گھٹ رہی ہے ۔ تاہم اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ملک میں متاثرین کی تعداد 1.47 لاکھ تک جا پہونچی ہے اور اب تک اس مرض سے جملہ 4,268 افراد فوت ہوچکے ہیں۔ جملہ 63,500 افراد اس وائرس سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ گذشتہ تین ہفتوں سے پانچ ریاستوں میں کورونا کیسیس میں اضافہ ہوا ہے ان میں اترپردیش ‘ بہار ‘ جھارکھنڈ ‘ چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش شامل ہیں۔