نئی دہلی: ملک بھر میں مہلک کورونا وائرس کے کیسس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اس کے ساتھ ہی کورونا کے سب سے خطرناک ویرینٹ اومی کرون کا پھیلاو بھی ہورہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے کورونا وائرس کے 27 ہزار 553 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جبکہ 284 افراد کی موت ہو گئی۔ وہیں، ملک بھر سے کورونا کے اومی کرون ویرینٹ کے 1525 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب ملک میں فعال معاملات کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 22 ہزار 801 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس وبا سے جان گنوانے والوں کی تعداد 4 لاکھ 81 ہزار 770 ہو گئی ہے۔ملک گیر ٹیکہ کاری مہم کے تحت اب تک انسداد کورونا ویکسین کی 145 کروڑ سے زیادہ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ ملک میں اب تک 1525 افراد اومی کرون ویرینٹ سے متاثر ہو چکے ہیں۔
ملک بھر کی 23 ریاستیں ایسی ہیں جہاں یہ ویرینٹ پہنچ چکا ہے۔ سب سے زیادہ کیسز مہاراشٹرا اور راجدھانی دہلی رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے بعد گجرات تیسرے مقام پر ہے۔ مہاراشٹرا میں اب تک 460، دہلی میں 351 اور گجرات میں 136 لوگ اومی کرون سے متاثر ہو چکے ہیں۔