ملک میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے 8,000 سے زائد نئے مریض

,

   

تاحال متاثرین کی تعداد 1.82لاکھ سے متجاوز، 5,164 اموات
نئی دہلی۔31مئی(سیاست ڈاٹ کام)ملک میں کورونا وائرس (کووڈ۔ 19 )وبا کے متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھتی جارہی ہے ،اوراب یہ وبا کی سب سے زیادہ کیسز والے ممالک میں نویں مقام پر آگیا ہے ۔ گذشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک میں اس کا قہر سب سے زیادہ برپا ہے اور کیسز کے ریکارڈ 8380نئے مریض درج کئے گئے ہیں جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 182143جبکہ ہلاک ہونے والوں میں 193کے اضافہ کے ساتھ مجموعی تعداد5164ہوگئی ہے ۔مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے اتوار کو جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 182143 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 5164 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ ملک میں ایک دن میں 4614 لوگ وباکی زد میں آئے اس بیماری سے نجات پانے والے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 86984 ہو گئی ہے ۔ ملک میں فی الحال کورونا وائرس انفیکشن کے 89995 فعال معاملے ہیں۔ اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثرریاست مہاراشٹر ہے ۔ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2940 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 99 افراد کی موت ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 65،168 اور اس جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر2197 ہو گئی ہے ۔ اس دوران ریاست میں 1084 افراد شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28081 ہو گئی ہے ۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے ، جہاں متاثرین کی تعداد 21 ہزار سے زائد ہو چکی ہے ۔یہاں اب تک 21،184 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 160 اموات ہوئی ہے جبکہ 12،000 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی دی جا چکی ہے ۔کورونا وائرس سے قومی دارالحکومت کی بھی حالت کافی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔