حیدرآباد 28 مئی ( سیاست نیوز ) حیدرآباد پولیس نے شہر میں مضر گیسوں کے اخراج میں کمی کیلئے پہل کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ملک کا پہلا گرین ٹریفک جنکشن حیدرآباد میں تعمیر کیا جائیگا ۔ 150 ٹریفک کراسنگ کو مزید ماحولیات دوست بنایا جائیگا اور اس کلئے گوگل کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کرلیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جنکشن سگنلنگ سسٹم میں تبدیلیوں اور بہتری کے ذریعہ گاڑیوں سے نکلنے والے دھویں میں کمی ہوگی اور کارن ڈائی آکسائیڈ اور کاربن مونو آکسائیڈ کا اخراج بھی کم ہوگا ۔ گرین ٹریفک جنکشن کو فی الحال گوگل نے تیار کیا ہے اور اس کے تجربات برازیل اور اسرائیل میں کئے جا رہے ہیں۔ اگر سگنلنگ سسٹم میں بہتری کی جاتی ہے تو اس کے ڈاٹا کے مطابق جنکشنس پر گاڑیوں کے رکنے کے دورانیہ کو کم کیا جاسکتا ہے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند کے بموجب گوگل کے ساتھ اس سلسلہ میں ایک معاہدہ کو قطعیت دیدی گئی ہے ۔