ملک کو بی جے پی کے جھوٹ کی قیمت چکانی پڑے گی : راہول

,

   

مودی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت پرکانگریس قائد کی تازہ تنقید

نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر جھوٹ کو ادارہ جاتی طور پر پیش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس سازش کی قیمت چکانی پڑے گی۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ پہلے بی جے پی حکومت نے کووڈ ۔19 سے ہونے والی اموات اور کووڈ ٹسٹ پر جھوٹ بولا ، پھر مجموعی گھریلہ مصنوعات ۔ جی ڈی پی پیمائش کا پیمانہ بدلا اور اب چین کے تیئں غلط بیانی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ‘‘بی جے پی نے جھوٹ کو ادارہ کی شکل دی ہے ۔ کووڈ ۔19 کے ٹیسٹ پر پابندی لگا کر اور اس سے ہونے والی اموات کے بارے میں غلط معلومات دے کر، جی ڈی پی کے لئے ایک نئے حساب کتاب کا طریقہ کار استعمال کرکے اور چینی جارحیت کے مدنظر میڈیا میں خوف کا ماحول بناکر۔ غلط فہمی جلد ہی دور ہوگی اور ملک کو قیمت چکانی پڑے گی۔مسٹر گاندھی نے کل بھی مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے اس کی پالیسی کا موازنہ سابق برطانیہ کے سابق وزیر اعظم نیولر چیمبرلین سے کیا تھا جو دوسری جنگ عظیم کو روکنے کے لئے اس اعتماد کے ساتھ جرمنی کے تانا شاہ ہٹلر سے ملنے گئے تھے کہ چیکوسلوواکیہ معاملے میں معاہدے کے بعد جرمنی حملہ نہیں کرے گا۔ اس سلسلے میں انہوں نے 30 ستمبر 1938 کو میونخ معاہدے پر دستخط کردیئے لیکن جرمنی نے معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یکم ستمبر 1939 کو پولینڈ پر حملہ کردیا جس کے دو دن بعد چیمبرلین نے جرمنی کے ساتھ جنگ کا اعلان کیا اور دوسری جنگ عظیم کا آغاز ہوا۔