ملک کو بے روزگاری کی فیکٹری بنانے کا بی جے پی پر الزام: ادھو

   

ممبئی ، 21 اپریل (یو این آئی) شیوسینا (ادھو بالاصاحب ٹھاکرے ) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی حکومت ملک کو سماجی و معاشی بحران کی طرف دھکیل رہی ہے ۔ انہوں نے مزدور تنظیم کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ بندی، ’’ناری شکتی‘‘ بل اور محنت کش طبقے کے مسائل سمیت کئی معاملات پر حکومت کو نشانہ بنایا۔ ادھو ٹھاکرے نے مجوزہ حلقہ بندی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جو ریاستیں خاندانی منصوبہ بندی پر کامیابی سے عمل کر رہی ہیں، انہیں پارلیمانی نمائندگی میں کمی کے ذریعے سزا دی جا سکتی ہے ، جبکہ آبادی پر قابو نہ پانے والی ریاستوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے آر ایس ایس سربراہ کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے ، لیکن ان کی پرورش کون کرے گا؟ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ملک کو بے روزگاروں کی فیکٹری بنایا جا رہا ہے ؟ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار اور اترپردیش کے کئی مزدور اسرائیل اور دبئی جیسے علاقوں میں خطرات کے باوجود واپس آنے کو تیار نہیں ہیں۔ ان کے مطابق یہ مزدور بیرون ملک بمباری میں مرنے کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن ملک میں بھوک اور بے روزگاری سے مرنے کیلئے تیار نہیں۔