نئی دہلی: کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ ملک کے غریبوں، قبائلیوں، دلتوں اور او بی سی کیلئے ذات پات کی مردم شماری ضروری ہے اور کہا کہ ورکنگ کمیٹی کانگریس کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارہ سی ڈبلیو سی نے متفقہ طور پر مردم شماری کرانے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے ۔ راہول نے پیر کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں سی ڈبلیو سی کی میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں ہر کسی کو ان کی آبادی کے حساب سے اقتدار میں حصہ ملنا چاہیے اور اس کو یقینی بنانے کیلئے ذات پات کی مردم شماری ضروری ہے ۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر او بی سی کیلئے کام نہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ ملک کے دلتوں، قبائلیوں اور او بی سی کو ان کا حصہ نہیں دینا چاہتے ، اس لیے وہ ذات پات کی مردم شماری نہیں کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف اداروں میں قبائلیوں، دلتوں اور او بی سی کی تعداد معلوم کرنے کیلئے مردم شماری کرانا ضروری ہے اور ان کی معاشی حیثیت کیا ہے یہ جاننے کیلئے سروے بھی کرایا جانا چاہیے ۔گاندھی نے ذات پات کی مردم شماری نہ کرانے پر مودی پر براہ راست حملہ کیا اور کہا کہ وزیر اعظم ذات کی مردم شماری کرانے سے قاصر ہیں۔ ہمارے 4 میں سے 3 وزرائے اعلیٰ او بی سی سے ہیں جبکہ 10 ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے اور ان تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ میں سے صرف ایک او بی سی سے ہے ۔ وزیر اعظم او بی سی کیلئے کام نہیں کرتے بلکہ انھیں اہم مسائل سے بھٹکانے کا کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذات پات کی مردم شماری بہت ضروری ہے تاکہ یہ حقیقت سامنے لائی جا سکے کہ ملک کے اقتدار میں کس ذات کا کیا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اہم فیصلے کرنے والے 90 سکریٹریز میں سے صرف تین او بی سی سے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کے ساتھ ناانصافی ہے اس لیے آبادی کے حساب سے انہیں شراکت ملنی جائے ۔