عوام کی فلاح و بہبود کیلئے خود کو وقف کرنے کا اعلان، چیف منسٹر کے سی آر کا کرسمس تقریب سے خطاب
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عزم کا اظہار کیا کہ جس طرح جئے تلنگانہ نعرہ کے ذریعہ علحدہ ریاست حاصل کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن کیا گیا اسی طرح جئے بھارت نعرہ کے ساتھ ملک کو ترقی دیں گے۔ کرسمس کے موقع پر انہوں نے ملک کی ترقی اور تلنگانہ کی طرح سارے ملک کے عوام کی بھلائی کیلئے خود کو وقف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ حکومت کی جانب سے لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقدہ کرسمس تقاریب میں چیف منسٹر نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے سماج کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20 سال قبل جئے تلنگانہ نعرہ کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف جنگ کا آغاز کیا گیا تھا ۔ خودکشی، نقل مقام اور ہر شعبہ میں تلنگانہ سماج ناانصافیوں کا شکار تھا، اس سے نجات دلانے شروع کردہ جنگ میں ہم کامیاب رہے۔ تمام طبقات کی یکساں ترقی کے لئے اقدامات کئے گئے اور مجھے یہ کہتے ہوئے اطمینان اور فخر ہے کہ تمام مذاہب کے عید اور تہوار شاندار پیمانے پر منانے والی واحد ریاست تلنگانہ ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 7 سال قبل تلنگانہ میں فی کس آمدنی ایک لاکھ روپئے تھی آج ملک کی بڑی ریاستوں کو پیچھے چھوڑ کر تلنگانہ میں فی کس آمدنی 2 لاکھ 75 ہزار ہوچکی ہے۔ کئی شعبہ جات میں تلنگانہ ملک میں نمبر ون اور نمبر ٹو (2) پوزیشن میں ہے۔ اگرچہ یہ سیاسی اسٹیج نہیں ہے پھر بھی ملک کی بھلائی کے لئے آپ تمام سے تعاون کی اپیل کرتا ہوں۔ تلنگانہ کی طرح ملک کے ہر دور دراز علاقوںکی ترقی کیلئے ایک نئی جنگ کے آغاز کے لئے آپ تمام کو متحد ہونا پڑے گا۔ میں چاہتا ہوں کہ ملک کا ہر علاقہ ترقی کرے اور ہندوستان دنیا میں ایک خوشحال ، پُرامن اور ترقی یافتہ ملک کی حیثیت سے شناخت بنائے۔ چیف منسٹر نے عیسائی طبقہ کے قائدین کے ساتھ ریاستی اور قومی سطح پر اجلاس منعقد کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر عیسائی طبقہ کی ممتاز شخصیتوں کو تہنیت پیش کی گئی۔ 10 ہزار سے زائد افراد کے لئے ڈِنر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی، وزراء محمد محمود علی، کے ایشور، سرینواس یادو، عوامی نمائندوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ر