ملک کی گنگا جمنی تہذیب ہم سب کی مشترکہ تہذیب کاحصہ

   

پیغمبر محمد ؐکے تعلق سے غلط فہمیاں دور کرنے غیرمسلموں کو بیڑہ اٹھانا چاہیے :صحافی جیوتی پنوانی اور جتیندردکشت
ممبئی: ممبئی میں سماجی،تعلیمی ،سیاسی،صحافتی اور ثقافتی میدانوں میں سرگرم متعدد شخصیات نے امسال عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر پیغمبرِ اسلام ؐساری انسانیت کے لیے ” کے نعرے کے ساتھ عیدمیلادالنبی پر غیر مسلموں کو آپ کی تعلیمات سے متعارف کروانے کاعزم کیا ہے ،اور اس سلسلہ میں غیر مسلم صحافیوں کو گزشتہ شب جنوبی ممبئی کے اسلام جمخانہ میں تبادلہ خیال کے لیے طلب کیاگیا،اس موقع پر مشہور ہندی صحافی جتیندردکشت نے اس پہل کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب ہمیشہ قائم ودائم رہیگی،کیونکہ یہ ہماری مشترکہ تہذیب کا حصہ ہے اور اسے کسی طرح کانقصان نہیں پہنچایاجاسکتا ہے ۔ابتداء میں اسلام جمخانہ کے صدر ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی نے خیالات کا اظہار کیا۔جتیندر دکشت نے مزید کہاکہ مسلم محلوں گلیوں میں ہم سب کا بچپن گزررہاہے اور تعلیم بھی جنوبی ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقے میں واقع ایک اسکول میں ہوئی ہے ،اس لیے اگر کسی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوئی ہیں تو انہیں دور کرنے کی ہم سب کو کوشش کرنی چاہیئے اور نبی محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ سے متعارف کرانے کی یہ پہل بہت اچھی ہے ۔اس مہم کو میلاد النبی ؐ میںہی نہیں بلکہ بارہ مہینے جاری رہنا چاہیئے ۔اس تقریب میںیوسف ابراہانی نے مزید کہاکہ حال میں ہم دیکھ رہے ہیں کافی وقت سے مذہب اسلام اور پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی اورآپ کے خلاف توہین آمیز باتیں اور بیانات کامنظم انداز میں پرو پیگنڈہ کیا جار ہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسی باتوں کا پروپیگنڈہ زور وشور سے کیا جاتا ہے ،جس سے دوسرے مذاہب کے لوگ اس بات پر یقین کر نے پر مجبور ہو جاتے ہیں جو انہیں ٹی وی اور سوشل میڈیا میں دکھا یا جا تا ہے لیکن جب سچائی انہیں بتائی جاتی ہے تو سچائی پر یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ مشہور انگریزی صحافی جیوتی پنوانی نے پہل کی ستائش کرتے ہوئے اسے مزید آگے بڑھانے میں مکمل تعاون کرنے کا یقین دلایا اورمشورہ دیا کہ مساجد اور مدرسوں کا بھی دورہ کرایا جائے تاکہ غیر مسلموں کو بھی معلومات ہواور غلط فہمیاں دور ہوں۔جبکہ اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ اس کام کا بیڑہ غیرمسلموں کو اٹھانا تھا ،لیکن اس جانب توجہ نہیں دی گئی ہے ۔ایک اور خاتون صحافی سنتوشی مشرانے کہاکہ ہمیں ایک دوسرے سے کوئی دقت نہیں ہونا چاہئیے کیونکہ ہم صدیوں سے مل جل رہے ہیں اور مستقبل میں بھی اس پر عمل کریں گے ۔ ابتدا میں عامرادریسی نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا اور سعید خان نے اپنے انداز میں رسول اللہ کے اسوہ حسنہ کو پیش کیا۔

یوسف ابراہانی نے توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے بارے میں غلط فہمیوں اور غلط معلومات کے عام ہونے کی وجہ سے مسلمان بے چینی کا شکار ہیں ۔ جب بھی میڈ یا میں اس طرح کی سنسنی خیز خبر آتی ہے تو مسلمان نبی کر یم ص اور اسلام کی عزت کا دفاع کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔ معاشرے میں بہت سے لوگ ہیں جو نبی کریم ص کی شبیہ کومجروح کرنے میں بڑا فخرمحسوس کرتے ہیں ۔ ۔ اسلام کی سچائی کو نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے ذریعے ان غلط فہمیوں ، غلط معلومات کو دور کرنے کے لیے ProphetForAll(پیغمبر سب کے لیے )مہم کی شروعات کی گئی ہے ۔یوسف ابراہانی نے مزید کہاکہ نبی کریم کی تعلیمات میں سے بطور خاص سماجیات سے جڑی تعلیمات مثلا حقوق انسانی ، ماحولیات ، خاندانی نظام ، عورتوں کے حقوق وغیرہ کو مسلمان اور برادران وطن کے سامنے لانا ہے تا کہ غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جاسکے ۔ اس مہم کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ملک میں بھائی چارگی کا فروغ ہو ، امن کا ماحول قائم ہو اور ساتھ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا ہو ۔ ابتدا میں عامرادریسی نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا اور سعید خان نے اپنے انداز میں۔ رسول اللہ کے اسوہ حسنہ کو پیش کیا۔انہوں حضور صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ کو اختصار کے ساتھ مگر جامع انداز میں پیش کیااورآپ کے سماجی اورروزمرہ کی زندگی میں پیش آنے والے حالات کو موثر انداز میں پیش کیا۔فاروق سید،ڈاکٹر ایم اے پاٹنکر نے ایک بار صلح حدیبیہ کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے خیالات پیش کیے ،کور کمیٹی کے رکن جاویدجمال الدین اور محمد وجہیہ الدین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔واضح رہے کہ مذکورہ مہم میں ممبئی کے چند ذمہ داروں نے یہ بیڑہ اٹھایا ہے ، اس مہم کی شروعات کا خالص مقصد ناموس رسالت پاک ص کو محفوظ کرنا ، رسول اللہ صلی علیہ وآلہ وسلم کی سچی تعلیمات کو عام کرنا ، خاص کر برادران وطن کے بیچ پہنچ کر انہیں تعلیمات سے متعارف کروانا ہے ۔ ، جن میں نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت کو لے کر بہت ساری غلط فہمیاں پیدا کی گئی ہیں۔