ملک کی 17ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 2نومبر سے ووٹر فہرستوں پر نظرثانی

   

نئی دہلی، 15 اکتوبر (یو این آئی) ووٹر فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کو لے کر سیاسی شور شرابے کے درمیان الیکشن کمیشن نے اتر پردیش، اتراکھنڈ اور مغربی بنگال سمیت 17ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 2نومبر سے 4 جنوری کے درمیان تصویروں والی ووٹر فہرستوں کی خصوصی مختصر نظرثانی (ایس ایس آر) کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں انڈمان و نکوبار جزائر، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، گوا، گجرات، کیرالا، لکش دیپ، مدھیہ پردیش، منی پور، پڈوچیری، پنجاب، راجستھان، ٹاملناڈو، اتر پردیش، اتراکھنڈ اور مغربی بنگال کے چیف الیکشن افسران (سی ای او) کو جمعرات کو تفصیلی ہدایات جاری کیں۔ پروگرام کے مطابق ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں خصوصی مختصر نظرثانی کے تحت 2 نومبر تک پولنگ مراکز کی ازسرنو ترتیب دی جائے گی۔ مربوط ووٹر فہرستیں 12 نومبر تک شائع کی جائیں گی۔ ان فہرستوں پر 12نومبر سے 11دسمبر تک دعوے اور اعتراضات داخل کیے جاسکیں گے ۔ دعوؤں اور اعتراضات کا ازالہ 28دسمبر تک کیا جائے گا جبکہ حتمی فہرست 4 جنوری کو شائع کی جائے گی۔ کمیشن نے کہا ہے کہ ان فہرستوں کو یکم جنوری 2027کی بنیاد پر تیار شدہ فہرستیں تصور کیا جائے گا اور اس تاریخ تک ووٹ دینے کی اہلیت رکھنے والے شہریوں کے نام درج کیے جاسکیں گے ۔
کمیشن نے کہا ہے کہ جن ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں فی الحال خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کا عمل جاری ہے یا حال ہی میں مکمل ہوا ہے ، وہاں خصوصی مختصر نظرثانی (ایس ایس آر) کا پروگرام مناسب وقت پر اعلان کیا جائے گا۔ اس دوران موسم وغیرہ کا بھی خیال رکھا جائے گا۔ ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، چندی گڑھ، دادرا و نگر حویلی، دمن و دیو، ہریانہ، جھارکھنڈ، کرناٹک، مہاراشٹر، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، دہلی، اڈیشہ، سکم، تریپورہ اور تلنگانہ شامل ہیں۔ ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ میں بھی موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کا پروگرام بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ابھی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) شروع نہیں کی گئی ہے ۔ کمیشن نے کہا ہے کہ 2 نومبر سے شروع ہونے والی خصوصی مختصر نظرثانی (ایس ایس آر) کے دوران ایسے نوجوان شہریوں کو بھی پیشگی اندراج کی درخواست دینے کا موقع ملے گا، جو اگلے سال یکم اپریل، یکم جولائی اور یکم اکتوبر تک 18 سال کی عمر مکمل کرلیں گے ۔