نئی دہلی: ملک کی آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میںگزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے۔مرکزی وزارت صحت وخاندانی بہبود نے اتوار کو بتایا کہ صبح 7 بجے تک 207.99 کروڑ ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ وزارت صحت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے 14 ہزار 092 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ یومیہ انفیکشن کی شرح 3.39 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔وزارت صحت نے کہا کہ اس مدت میں 16 ہزار 454 لوگوں کو کورونا وائرس سے صحتیاب قراردیا گیا ہے۔
اب تک کورونا وائرس سے کل 4 کروڑ 36 لاکھ 9 ہزار 566 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ شفایابی کی شرح 98.54 فیصد ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے میں تین لاکھ 81 ہزار 861 کووڈ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں میں 273 کا اضافہ ہونے سے ان کی تعداد 14213 ہوگئی۔ہریانہ میں کورونا وائرس کے 56 مریضوں کے اضافے کے ساتھ ان کی کل تعداد 4973 ہو گئی ہے۔ آندھرا پردیش میں 21 نئے مریضوں کے اضافے کے ساتھ ان کی کل تعداد بڑھ کر 1199 ہوگئی ہے۔اتراکھنڈ میں 20 نئے مریضوں کے اضافے کے ساتھ ان کی کل تعداد بڑھ کر 1974 ہو گئی ہے۔ اس دوران مزید 234 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اس سے نجات پانے والوں کی مجموعی تعداد 436478 ہو گئی ہے۔ اس دوران ریاست میں اس مہلک وائرس سے کسی مریض کی موت نہیں ہوئی اور مرنے والوں کی تعداد 7726 ہو گئی۔