ملگ میں ماؤسٹوں کے ہاتھوں ٹی آر ایس کارکن کا قتل

   

عوام میں خوف و دہشت، بی جے پی قائدین کو بھی سخت انتباہ

ورنگل : متحدہ ورنگل کے ملک ضلع میں ماؤسٹوں نے ٹی آر ایس پارٹی کارکن فرٹیلائزر شاپ مالک بھیمیشور راؤ پر حملہ کرکے قتل کردیا۔ کل رات 6 مسلح ماؤسٹوں نے زبردستی گھر میں داخل ہوکر اس واردات کو انجام دیا اور ایک خط چھوڑ گئے جس میں سخت انتباہ دیا گیا۔ مقتول فرٹیلائزر کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرتے ہوئے گاہکوں کو کھیت کی دوائیاں فروخت کررہا تھا جس پر ماؤسٹوں نے کئی مرتبہ اُسے انتباہ دیا تھا جس کے باوجود وہ باز نہ آیا۔ آخرکار کل رات 6 ماؤسٹوں پر مشتمل ٹولی بھیمیشور راؤ کے گھر میں زبردستی داخل ہوکر اسے باہر نکالا اور چاقوؤں سے حملہ کرتے ہوئے اُسے قتل کردیا۔ موقع واردات پر چھوڑے گئے خط میں بی جے پی قائدین کو بھی سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اپنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیں ورنہ انجام بھی بُرا ہوگا۔ مقتول کی بیوی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کل رات 5 افراد گھر پر دستک دیئے اور ایک باہر کھڑا ہوا تھا۔ مزید کتنے تھے معلوم نہ ہوا۔ دستک دینے پر مقتول کی بیوی نے پوچھا کون لوگ ہیں، انھوں نے کہاکہ ہم کو دواخانہ جانا ہے، پیسوں کی سخت ضرورت ہے۔ مقتول نے کہاکہ کل صبح بات کروں گا۔ باہر کھڑے ماؤسٹوں نے راؤ سے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوکر سلاخ اور چاقوؤں سے حملہ کرکے قتل کردیا۔ ملگ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ماؤنوازوں نے مقتول کو پارٹی فنڈ نہ دینے پر قتل کیا۔ بار بار ماؤسٹوں کی جانب سے پارٹی فنڈ کا مطالبہ کیا جارہا تھا لیکن بھیمیشور راؤ نے ان کے مطالبہ کو مسترد کردیا تھا۔ سرحدی علاقوں کے عوام کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے دور رکھا جارہا ہے، دیہاتوں کی ترقی میں ماؤسٹ رکاوٹ بن رہے ہیں۔