ممبئی میں آج دسہرہ اور ورلڈ کپ میچ کے پیش نظر پولیس ملازمین کی چھٹی منسوخ

   

ممبئی : ممبئی میں سخت حفاظتی انتظامات کیے جارہے ہیں، کیونکہ منگل کودسہرہ کا تہوار ہے ،اس موقع پر شہر میں شیوسینا کے دونوں گروپس کی شیواجی پارک اور آزاد میدان میں دو الگ الگ ریلیاں،راون کے پتلے جلائے جانے ،درگا مورتیوں کا وسرجن اوراس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے درمیان وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہونے والے ورلڈ کپ میچ منعقد ہورہاہے جن کے مدنظر محکمہ پولیس نے منگل کو پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر نے کہاکہ “چونکہ ہر تقریب اہم ہے ، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہمارے پاس ممبئی کی گلیوں میں کافی حفاظتی انتظامات ہوں تاکہ امن و امان کی صورتحال قابو میں رہے ۔ پولیس کے مطابق، دونوں شیو سینا گروپس اپنی روایت کے ایک حصے کے طور پر اپنی اپنی دسہرہ ریلیوں کا انعقاد کریں گے ۔ جبکہ شیو سینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے ، جس کی قیادت سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کرتے ہیں، ان کی قیادت میں دادر کے شیواجی پارک میں ریلی ہوگی، وہیں مہاراشٹر اکے موجودہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت میں شیو سینا آزاد میدان میں اپنی ریلی نکالے گی۔
ایک اہلکار نے کہاکہ دونوں شیوسینا کے حامی منگل کی شام سے اپنے اپنے مقامات کی طرف روانہ ہوں گے ۔ اور چونکہ ان حامیوں سے ، جن میں شدید اختلافات ہیں، سے پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنے کی توقع کی جاتی ہے ، اس لیے ہمیں خدشہ ہے کہ ان میں تصادم ہو سکتا ہے اور اس سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے ،” انہوں نے مزید کہا کہ اس لیے مناسب حفاظتی انتظامات کرنے ہوں گے ۔ مختلف موڑ پرچوکسی برتنی ہوگی۔