ممبئی میں ایم ٹی این ایل کی عمارت میں آگ لگنے کا واقعہ

,

   

84 افراد کو بحفاظت بچالیا گیا ۔ محکمہ فائر بریگیڈ کی ایک بڑی اور کامیاب کارروائی
ممبئی 22 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام )ممبئی کے باندرہ علاقہ میں ایم ٹی این ایل کی ایک عمارت میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں 84 افراد بلڈنگ کی چھت پر پھنس گئے تھے ۔ تمام افراد کو فائر بریگیڈ کے عملہ نے بچالیا ہے جو حالیہ وقتوں میں فائر بریگیڈ کی سب سے بڑی کارروائی تھی ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ سہ پہر تین بجے آگ کی شروعات ہوئی تھی ۔ اس عمارت میں سرکاری ٹیلیکام کمپنی ایم ٹی این ایل کے دفاتر ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شام تک تمام پھنسے ہوئے افراد کو بچالیا گیا ہے ۔ ممبئی فائر بریگیڈ کے سربراہ پی ایس رہانوڈالے نے بتایا کہ جو افراد عمارت میں موجود تھے ان کی گنتی کی گئی ہے اور ایم ٹی این ایل کے حکام کے بموجب اب کوئی بھی لاپتہ نہیں ہے ۔ تاہم حکام کی تلاشی مہم ہنوز جاری ہے اور آگ پر قابو پانے کی جدوجہد بھی چل رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس کارروائی میں تقیراب دو درجن مشینوں اور آلات کو استعمال کیا گیا جن میں فائر انجن بھی شامل تھے ۔ خصوصی ہائیڈرالک سیڑھیووں ‘ جمبو واٹر ٹینکرس اور روبو فائر کا استعمال بھی کیا گیا ہے ۔ یہ کارروائی کئی گھنٹوں تک جاری رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ فائر بریگیڈ کے تقریبا 150 عہدیدار اور عملہ کے دوسرے ارکان مصروف رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سانس لینے والے تقریبا 160 آلات کا استعمال کیا گیا تھا ۔ عمارت سے جملہ 100 افراد کو نکالا گیا ہے جن میں 84 افراد عمارت کی چھت پر پھنس گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حالیہ وقتوں کی ایک بہت بڑی اور کامیاب کوشش رہی ہے ۔ آگ بجھانے اور بچاو کوشش میں ایک فائر مین دھویں کی وجہ سے متاثر ہوگیا تھا جسے علاج کیلئے دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے ۔ اس کی حالت مستحکم ہے ۔