ممبئی میں دہشت گرد حملے کا خطرہ، خفیہ ایجنسیوں کا الرٹ جاری

   

ممبئی:ممبئی میں دہشت گردانہ حملے کا خطرہ ہے۔ خفیہ ایجنسیوں نے اس سلسلے میں الرٹ جاری کیا ہے۔ دہشت گرد ٹرینوں، پلیٹ فارم اور بھیڑ بھاڑ والے علاقوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ خفیہ ایجنسیوں نے جی آر پی کو الرٹ جاری کیا ہے کہ دہشت گرد گیس اٹیک یا پھر پلیٹ فارم کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ ٹیررماڈیو ل معاملے میں گرفتار کیے گیے مشتبہ ملزمین سے پولیس پوچھ کررہی ہے جس میں ممبئی کی لوکل ٹرین سمیت ملک کے الگ الگ علاقوں کو نشانہ بنانے کی ان کی سازش کا انکشاف ہورہا ہے۔ٹیرر ماڈیول کیس میں حراست میں لیے گیے ذاکر محمد شیخ کوشیوڑی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ ذاکر کی حراست کوپولیس انتہائی اہم بتا رہی ہے کیونکہ اس سے پوچھ تاچھ میں مزید جانکاری حاصل ہو سکتی ہے۔

پولیس یہ بھی پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے کہ ممبئی میں ذاکر کو ہینڈ ل کون کررہا تھا۔ ذرائع کے مطابق ذاکر کے اشارے پر ہی جان محمد کام کررہا ہے۔ ٹیرر ماڈیول کیس میں مشتبہ ملزمین سے تفتیش کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر پولیس کی تلاشی کاروائی جاری ہے۔ پولیس اسامہ کے چچا کو تلاش کررہی تھی لیکن اس نے خودکو قانون کے حوالے کردیا ہے۔ الہ آباد پولیس کے سامنے اس نے خود سپردگی کی۔ اس طرح اس کیس میں اب تک سات مشتبہ ملزمین کوگرفتار کیا جا چکا ہے۔