ممبئی پولیس کی بڑی کارروائی، 10 کروڑ کی منشیات ضبط

   

ممبئی: ممبئی کے چونا بھٹی علاقے میں پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 10 کلو گرام سے زائد اعلیٰ درجے کی چرس برآمد کی ہے ، جس کی مالیت تقریباً 10 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے ۔ یہ کارروائی ہفتے کی رات کی گئی، جس کے بعد پولیس نے اس نیٹ ورک کی کڑیاں جوڑتے ہوئے گجرات تک چھاپہ مارا۔ چونا بھٹی پولیس نے گشت کے دوران 30 سالہ رحیم شیخ کو مشتبہ حالت میں گھومتے ہوئے حراست میں لیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 1.9 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ ابتدائی تفتیش میں شیخ نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ منشیات گجرات کے ولساڈ علاقے سے منگوائی تھیں۔ رحیم شیخ کے بیان کی بنیاد پر پولیس کی ٹیم فوراً ولساڈ پہنچی جہاں 32 سالہ نتن ٹنڈیل کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔ تلاش کے دوران وہاں سے مزید 8.146 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی افغانی چرس برآمد ہوئی۔ پولیس نے فوری طور پر نتن ٹنڈیل کو حراست میں لے لیا۔ چونا بھٹی پولیس کے مطابق، یہ پورا نیٹ ورک ایک منظم انداز میں کام کر رہا تھا، اور اس کی جڑیں ممبئی سے باہر تک پھیلی ہوئی ہیں۔