ممبئی، 30 اکتوبر (یو این آئی) مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی کے باندرہ مغرب میں لنکنگ روڈ پر واقع ‘وی این اسفیئر مال’ کی تیسری منزل پر جمعہ کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ محکمہ فائر بریگیڈ نے درمیانے درجے کی اس آگ پر تقریباً 3 گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد مکمل طور پر قابو پالیا۔ راحت کی بات یہ رہی کہ اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ دھنراج ریسٹورنٹ کے قریب واقع اس 5 منزلہ تجارتی عمارت میں صبح تقریباً 06:02 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ ممبئی فائر بریگیڈ (ایم ایف بی) نے اس واقعے کو درمیانے درجے کی آگ قرار دیا اور فوری طور پر اضافی ہنگامی وسائل موقع پر روانہ کردیے۔ صورت حال سے نمٹنے کے لیے فائر بریگیڈ کے اہلکاروں، مقامی پولیس، بجلی تقسیم کرنے والی کمپنی کے حکام، 108 ایمبولینس سروس اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے وارڈ ملازمین کو موقع پر تعینات کیا گیا تھا۔