میدک۔ 14 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز): ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ نے کہا ہے کہ مضر صحت اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام کیساتھ ساتھ سڑک تحفظ قوانین پر سختی سے عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سڑک حادثات کی روک تھام اور منشیات کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ کلکٹریٹ کے میٹنگ ہال میں ضلع سطحی کمیٹی کا اجلاس ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سڑک حادثات کی روک تھام، روڈ سیفٹی اقدامات کے نفاذ اور منشیات کے انسداد سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔کلکٹر نے ضلع میں منشیات کے استعمال اور غیر قانونی نقل و حمل کے انسداد کیلئے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں میں نشہ آور اشیاء کے مضر اثرات سے متعلق بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں۔ انہوں نے مشتبہ سرگرمیوں پر نگرانی رکھنے اور غیر قانونی طور پر منشیات کی فروخت یا ترسیل میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔اجلاس میں آر اینڈ بی کے ای ای وینو، ڈی ایس پیز، ضلع ٹرانسپورٹ آفیسر، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، بلدیہ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداران نے شرکت کی۔