حیدرآباد ۔17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے پدا پلی ضلع کے منتھنی اسمبلی حلقہ میں نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن کے اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کی منظوری دی ہے۔ سنٹر کی عمارت کی تعمیر کیلئے 20 کروڑ منظور کئے گئے ۔ اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج نے جی او آر ٹی 396 جاری کیا جس کے تحت اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کی عصری سہولتوں سے آراستہ عمارت تعمیر کی جائے گی۔ منتھنی اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر مقامی نوجوانوں کو کنسٹرکشن انڈسٹری کے لئے درکار مہارت سے آراستہ کرے گا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ عصری ٹکنالوجی اور تعمیری کاموں میں حالیہ تبدیلیوں سے نوجوانوں کو ہم آہنگ کیا جائے گا۔ سنٹر میں قلیل اور طویل مدتی ٹریننگ پروگرامس شروع کئے جائیں گے جس کے ذریعہ امیدوار سیلف ایمپلائیمنٹ کے مواقع حاصل کرسکتے ہیں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ شمالی تلنگانہ میں یہ اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر نوجوانوں میں مہارت اور ہندوستان اور بیرونی ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔ 1/k/k/b