اسپیکر اسمبلی کے فیصلے کے دستوری جواز کو ہائیکورٹ میں چیلنج
حیدرآباد 2 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ کے جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے 3 ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے لئے داخل کی گئی درخواست کی آئندہ سماعت پیر کو مقرر کی ہے۔ جسٹس وجئے سین ریڈی کے اجلاس پر بی آر ایس قائدین کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت مسلسل جاری ہے۔ سپریم کورٹ کے وکیل اے سوندرم نے عدالت کو بتایا کہ اسپیکر اسمبلی کے فیصلے کا دستوری اور قانونی طور پر جائزہ لینے کی گنجائش موجود ہے۔ اُنھوں نے اِس سلسلہ میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کا حوالہ دیا۔ درخواست گذاروں کے پی ویویکانند، پی کوشک ریڈی دونوں بی آر ایس کے رکن ہیں جبکہ تیسری درخواست بی جے پی رکن مہیشور ریڈی نے داخل کرتے ہوئے کڈیم سری ہری، ٹی وینکٹ راؤ اور ڈی ناگیندر کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی درخواست کی۔ درخواست گذاروں کی جانب سے سپریم کورٹ کے وکیل نے کہاکہ ایک پارٹی سے منتخب ہونے کے بعد استعفیٰ دیئے بغیر دوسری پارٹی سے الیکشن لڑنا نااہل قرار دینے موزوں کیس ہے ۔ جسٹس بی وجئے سین ریڈی کے اجلاس پر ایڈوکیٹ جنرل اور منحرف ارکان اسمبلی کے وکلاء نے بحث کرتے ہوئے کہاکہ اسپیکر اسمبلی کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا ہے۔ 1