مندروں پر حملہ کے واقعات کی تحقیقات میں اہم پیشرفت

   


پجاری سمیت دو افراد گرفتار، پیسہ کی لالچ میں مورتی کو نقصان پہنچانے کا انکشاف

حیدرآباد: آندھراپردیش میں مندروں پر حملے اور مورتیوں کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ راجمندری میں ایک غریب پجاری کو رشوت دے کر دو افراد نے مورتی کو نقصان پہنچانے کے لئے آمادہ کیا۔ پجاری کے کمزور معاشی حالت کا فائدہ اٹھاکر تلگو دیشم سے تعلق رکھنے والے دو قائدین نے رقم حوالے کی جس کے بعد پجاری نے مورتی کو نقصان پہنچایا اور پولیس میں شکایت درج کی ۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے اس بات کا انکشاف کیا ہے ۔ ٹیم کے سربراہ اشوک کمار نے بتایا کہ مندر کے پجاری نے بعض نامعلوم اشرار کی جانب سے 31 ڈسمبر کو مورتی کو نقصان پہنچانے کی شکایت درج کرائی ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مندر کا پجاری نہ صرف معاشی طور پر کمزور ہے بلکہ وہ بری عادتوں کا شکار ہے۔ اس نے فینانسر سے رقم حاصل کی تھی تاکہ لاک ڈاؤن میں کام آسکے۔ لاک ڈاؤن کے دوران مندروں کے بند رہنے سے کوئی آمدنی نہیں ہوئی ۔ تلگو دیشم کے دونوں قائدین نے مورتی کو نقصان پہنچانے کیلئے 30,000 روپئے کا پیشکش کیا۔ پولیس نے دونوں قائدین کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدگان نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔