منشیات کی منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب

   

گانجہ ضبط، پانچ افراد گرفتار، ٹاسک فورس ایسٹ زون کی کارروائی
حیدرآباد 4 فروری (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے شہر میں پھر ایک مرتبہ منشیات کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے گانجہ برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹاسک فورس کی ایسٹ زون ٹیم نے سعیدآباد جئے ہند ہوٹل کے قریب مشتبہ کار کو روک کر اُس کی تلاشی لی جہاں سے پولیس کو بھاری مقدار میں گانجہ برآمد ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ 42 سالہ کے ستیہ نارائنا، 30 سالہ جی ہری بابو، 26 سالہ ایم پرساد، 40 سالہ کے سیشو اور 34 سالہ کے رامانند آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے شہر میں گانجہ کا کاروبار کررہے تھے۔ ٹاسک فورس پولیس نے بتایا کہ ستیہ نارائنا نے حالیہ دنوں وشاکھاپٹنم کے ایجنسی علاقہ سے 42 کیلو گانجہ خریدا اور اُسے شہر منتقل کیا۔ 2 فروری کو ستیہ نارائنا، ہری بابو اور پرساد نے سیشو کی مدد سے کار میں گانجہ رکھ کر پوسل بستی سعیدآباد میں مقیم رامانند کے مکان پہونچ کر گانجہ خواہش مند گاہکوں کو فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ ٹاسک فورس نے اُنھیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے گرفتار افراد کے قبضہ سے 42 کیلو گانجہ اور ایک کار برآمد کرتے ہوئے اُنھیں سعیدآباد پولیس کے حوالے کردیا۔