نئی دہلی۔ اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی ایک مدت سے انتہا پسند ہندو تنظیموں کے نشانے پر ہیں، اس لیے دہلی میں بھی انہیں پروگرام کی اجازت نہیں ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے شو سے مذہبی ہم آہنگی متاثر ہو سکتی ہے۔ نوجوان مسلم فنکار منور فاروقی کا شو 28 اگست اتوار کے روز دارالحکومت دہلی میں منعقد ہونے والا تھا، تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس نے اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان کے شو سے ’’علاقہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی‘‘ متاثر ہو سکتی ہے۔ یہ شو ایک آڈیٹوریم میں دوپہر 2 بجے سے رات 9:30 بجے تک ہونا تھا، جو ایک پرائیویٹ پروگرام تھا اور انتظامیہ کی جانب سے اس کی اجازت پہلے ہی دی جا چکی تھی۔ ہندوستانی کی انتہا پسند ہندو تنظیمیں منور فاروقی کے پروگرام کی مخالفت کرتی رہی ہیں اسی لیے مقامی انتظامیہ یا پھر پولیس انہیں اجازت نہیں دیتی ہے۔ اب تک ان کے درجنوں پروگرام منسوخ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ ہفتہ جنوبی شہر بنگلور میں بھی ان کا ایک شو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ تاہم اس کے دوسرے روز حیدرآباد شہر میں، سخت ترین سیکوریٹی میں، وہ اپنا ایک پروگرام بڑی مشکل سے پیش کر سکے تھے۔ مقامی حکومت نے اس کے لیے سخت بند و بست کیے تھے۔