منوگوڑ اسمبلی حلقہ کی فہرست رائے دہندگان پر ہائیکورٹ میں سماعت

   


الیکشن کمیشن سے رپورٹ طلب، بی جے پی قائد نے درخواست داخل کی
حیدرآباد ۔14 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے منوگوڑ اسمبلی حلقہ کی فہرست رائے دہندگان کے بارے میں الیکشن کمیشن آف انڈیا سے رپورٹ طلب کی ہے۔ ہائیکورٹ نے ناموں کی شمولیت کیلئے موصولہ درخواستوں ، منظورہ درخواستوں اور مسترد کردہ درخواستوں کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس وجئے بھاسکر ریڈی نے منوگوڑ کی فہرست رائے دہندگان میں غیر قانونی طور پر ناموں کی شمولیت سے متعلق بی جے پی قائد پرمیندر ریڈی کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران بڑی تعداد میں نام شامل کئے گئے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جانچ کے بغیر ہی تقریباً 25 ہزار ناموں کی منظوری دی ہے۔ درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ برسر اقتدار پارٹی نے بوگس ووٹرس کی شمولیت کیلئے عہدیداروں پر دباؤ بنایا۔ الیکشن کمیشن سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت 21 اکتوبر کو مقرر کی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ 25000 درخواستوں میں 12000 کو قبول کیا گیا جبکہ 7000 درخواستیں مسترد کردی گئیں۔ الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کے اندیشوں کو غلط قرار دیا ۔ ر