منوگوڑ ضمنی چناؤ میں کانگریس کے حق میں عوامی لہر

   


مقامی قائدین کے ساتھ محمد علی شبیر کا اجلاس، لالچ کی سرگرمیوں سے چوکس رہنے کا مشورہ
حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کامیابی کیلئے سینئر قائدین کو مختلف منڈلوں کا انچارج مقرر کیا ہے۔ سابق اپوزیشن لیڈر اور پولٹیکل افیرس کمیٹی کے کنوینر محمد علی شبیر کو چنڈور منڈل کا انچارج مقرر کیا گیا۔ محمد علی شبیر نے آج منڈل سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین کا اپنی قیامگاہ پر اجلاس طلب کیا جس میں انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کانگریس کی انتخابی مہم کمیٹی کے کنوینر سابق وزیر آر دامودھر ریڈی، سابق رکن اسمبلی ومشی کرشنا، سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگاریڈی، یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیوا سینا ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ منڈل کے مختلف مواضعات سے تعلق رکھنے والے قائدین نے بتایا کہ کانگریس کے حق میں عوامی لہر دیکھی جارہی ہے اور کانگریس سے انحراف کرنے والے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو جگہ جگہ عوامی ناراضگی کا سامنا ہے۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ منڈل کے تحت تمام مواضعات میں سرگرم انتخابی مہم کا عنقریب آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر رائے دہندہ سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس کے ترقیاتی ایجنڈہ سے واقف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس حکومتوں کی پالیسیوں سے عوام سخت ناراض ہیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ سابق وزیر آنجہانی پی گوردھن ریڈی کی دختر پی شراونتی کو کانگریس نے امیدوار مقرر کرتے ہوئے خواتین کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہوگی اور بی جے پی تیسرے مقام پر رہے گی۔انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات نے کانگریس امیدوار کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ آر دامودھر ریڈی نے مقامی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ متحدہ طور پر مہم چلائیں اور ٹی آر ایس اور بی جے پی کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل دونوں پارٹیاںکانگریس قائدین اور کارکنوں کو لالچ دینے کی کوشش کریں گی لیکن پارٹی قائدین کو متحدہ طور پر ان سازشوں کا مقابلہ کرنا چاہیئے۔ ر