منوگوڑ میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی

   


صدر نشین وقف بورڈ مسیح اللہ خاں اور دیگر اقلیتی قائدین کی رائے دہندوں سے ملاقات
حیدرآباد ۔24 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) منوگوڑ حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی یقینی طورپر کامیابی حاصل کرے گی کیونکہ تلنگانہ عوام کو چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کی قیادت پر مکمل یقین ہے۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خاں نے حلقہ اسمبلی منوگوڑ کے علاقہ چوٹ اپل میں انتخابی مہم کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ صدرنشین وقف بورڈ کے ہمراہ ٹی آر ایس قائدین جناب اعظم علی خرم ، جناب بدرالدین ، جناب محمد اطہر کے علاوہ دیگر نے چوٹ اپل میں عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنائے۔ رکن اسمبلی ایم ہنمنت راؤ نے حیدرآباد سے انتخابی مہم کیلئے چوٹ اپل پہنچنے والے ٹی آر ایس قائدین و صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خاں کا خیرمقدم کیا اور ان تمام کیلئے خود ظہرانہ تیار کرتے ہوئے اہتمام کیا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ منوگوڑ حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں عوام تلنگانہ حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی فلاحی اسکیمات کو فراموش نہیں کیا کریں گے بلکہ ریاست اور ملک سے فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس واحد سیاسی جماعت ہے جو بی جے پی کے خلاف کھل کر مقابلہ کرنے پر یقین رکھتی ہے اور عوام ٹی آر ایس کی پالیسی کے ساتھ ہے۔ جناب محمد مسیح اللہ خاں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے گزشتہ 8 برسوں کے دوران جو کارہائے نامہ انجام دیئے ہیں، اس سے تلنگانہ عوام بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے عوام سے جو وعدے کئے ، انہیں پورا کیا اور اب حلقہ اسمبلی منوگوڑ کے عوام کو ایک اور موقع میسر آیا ہے جس کے ذریعہ وہ اپنے حلقہ کی ترقی کو یقینی بناسکتے ہیں۔م