منوگوڑ کی شکست ہضم نہیں ہو رہی وزیر اعظم کے الزامات بے بنیاد ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کا بیان

   

حیدرآباد 12 نومبر ( سیاست نیوز ) وزیر توانائی جگدیش ریڈی نے کہا کہ منوگوڑ ضمنی انتخابات کی شکست کو ہضم کرنے میں ناکامی کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ تلنگانہ کے موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف زہر اگلا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر طرح کی سیاسی مزاحمت کا سامنا کرنے بی جے پی اپوزیشن قائدین کو دھمکا رہی ہے ۔ اس طرح کی حکمت عملی گجرات میں کام کرسکتی ہے لیکن تلنگانہ میں نہیں ۔ تلنگانہ کے عوام ایسے ہتھکنڈوں کا شکار نہیں ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ہر طرح کے ہتھکنڈے اختیار کئے اس کے باوجود منوگوڑ میں اسے کامیابی حاصل نہیں ہوسکی اور آج وزیر اعظم کی تقریر میں یہ مایوسی چھلک رہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے پاس سوائے چیف منسٹر پر تنقید کرنے کے کچھ اور نہیں تھا ۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نے ریاست کے کئی دورے کئے لیکن انہیں کبھی ریاست کیلئے ایک روپیہ تک بھی الاٹ نہیں کیا اور نہ ہی کوئی امداد فراہم کی ۔