منکی پاکس مریضوں کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ

   

ریاست میں ایک بھی مریض نہیں۔ عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ
حیدرآباد۔29۔مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں منکی پاکس پر قرنطینہ کے فیصلہ کے بعد ڈاکٹرس اور شہریوں کی جانب سے اس پر توجہ دی جانے لگی ہے ۔ جا رہاہے کہ جسم پر کسی بھی طرح کے چھالوں اور چیچک کی صورت میں فوری معائنہ کو یقینی بنانے کے علاوہ مریض کو قرنطینہ کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ محکمہ صحت کے اعلامیہ میں منکی پاکس مریضوں کیلئے لازمی قرنطینہ کے احکامات کے بعد سرکاری اور خانگی ڈاکٹرس نے احتیاطی تدابیر اختیار کی تاکید شروع کردی ہے۔ ہندستان میں منکی پاکس کے کسی مریض کی نشاندہی یا توثیق نہیں ہوئی لیکن جن ممالک میں نشاندہی اور توثیق ہوئی ہے کہ ان کا سفر کرنے والوں کو غفلت نہ برتنے اور جسم پر چھالوں اور چیچک کے آثار پر فوری تشخیص کا مشورہ دیا جا رہاہے۔ دنیا کے زائد از 20ممالک میں 250 کے قریب منکی پاکس مریضوں کی توثیق ہوچکی ہے ۔ بیشتر مریض یوروپی ممالک میں ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ منکی پاکس مریضوں کے علاج میں کوئی دشواری نہیں ہے لیکن مرض تکلیف دہ ہونے سے مریضوں کو قرنطینہ کرکے علاج کیاجا رہاہے۔ عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے منکی پاکس مریضوں اور رابطہ میں آنے والوں کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کرکے قرنطینہ کی تجویز پیش کی گئی تھی جس کو ریاستی محکمہ صحت نے تسلیم کرلیا ہے جبکہ ہندستان میں تاحال منکی پاکس سے متاثر یا رابطہ میں آنے والے کسی کی توثیق نہیں ہوئی ۔ ڈاکٹرس و ماہر اطباء کا کہناہے کہ ایسے اقدامات مرض کو پھیلنے سے روکنے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔