منگل کو امریکی صدارتی انتخابات پر دنیا بھر میں تجسس

   

طاقتور ملک کے اگلے صدر پر ایک ارب ڈالر سے زائد کی شرطیں
واشنگٹن : امریکہ میں منگل 3 نومبر کو صدارتی انتخابات ہوں گے۔ انتخاب کی تاریخ قریب آتے ہی دنیا بھر میں ایک ارب ڈالرز سے زائد کی شرطیں لگ گئیں۔امریکہ میں صدارتی انتخاب 3 نومبر کو ہونے ہیں اور اس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ انتخاب قریب آتے ہی سیاسی گہما گہمی میں اضافہ ہوگیا ہے اور دونوں امیدوار سبقت لے جانے کیلئے انتخابی ریلیوں میں مصروف ہیں۔امریکی صدارتی انتخاب پر دنیا بھر کی نظریں جمی ہوئی ہیں اور یہی انتخاب آئندہ سالوں میں دنیا بھر میں امریکی پالیسی کو واضح کریں گے تاہم صدارتی انتخاب پر شرطیں بھی لگ چکی ہیں۔نومبر میں کون امریکی صدر بنے گا؟ اس پر ایک ارب ڈالرسے زائد کی شرطیں لگ چکی ہیں۔ برطانوی اسپورٹس بیٹنگ فرم کے سربراہ میتھیو شاڈک کے مطابق امریکی صدارتی انتخاب کے پولنگ سے قبل ہی ایک ارب ڈالرز سے زائد کی شرطیں لگ چکی ہیں اور یہ 2016 میں امریکی انتخاب پر لگنے والی جوئے کی رقم سے دگنی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا سیاسی ایونٹ ہے اور صدارتی انتخاب پر لگنے والی رقم فٹبال اور دیگر شعبوں میں بیٹنگ میں اب تک کی سب سے زیادہ رقم ہوسکتی ہے۔برطانیہ کی ہی جوئے کی فرم ولیم ہل کے ترجمان کے مطابق یہ سال کا سب سے بڑا ایونٹ بننے جارہا ہے اور اس میں ہم 30 لاکھ پاؤنڈ لگاچکے ہیں جس سے ہمیں ایک کروڑ پاؤنڈز ملنے کی توقع ہے۔بکیز کے مطابق ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جیت کیلئے پسندیدہ ہیں۔