منیٰ میں حجاج کرام کیلئے جاریہ سال ہمہ منزلہ خیمے

,

   

سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حاجیوں کیلئے زیادہ سے زیادہ کشادہ جگہ فراہم کرنے کا انتظام
مکہ مکرمہ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حجاج کرام کے لئے ہمہ منزلہ خیمے تیار کئے جارہے ہیں۔ جاریہ سال حج کے لئے آنے والے اقطاع عالم کے مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ کشادہ جگہ فراہم کرنے اور رہائش کی گنجائش میں اضافہ کے لئے حکومت سعودی عرب نے ہمہ منزلہ خیمے تیار کئے ہیں۔ عرب ممالک سے عازمین حج کے لئے قائم کردہ ادارہ طوافہ کے مطابق وادیٔ منیٰ میں موجودہ خیمے ناکافی ہورہے تھے، حجاج کرام کے لئے 5 دن یہاں قیام اور عبادتوں کے لئے سہولتیں فراہم کرنے کے لئے حکومت سعودی عرب نے پہلے سے ہی کئی مؤثر انتظام کئے ہیں۔ سال 2019 ء میں حج کیلئے آنے والے اقطاع عالم کے مسلمانوں کے لئے مزید گنجائش پیدا کی جارہی ہے۔ حکومت سعودی عرب نے خیموں کو ہمہ منزلہ بناتے ہوئے کشادہ جگہ فراہم کی ہے۔ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق ادارہ طوافہ کے چیرمین عباس قطن نے کہاکہ اِس پراجکٹ سے وادیٔ منیٰ میں بلند خیمے تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اِس میں گراؤنڈ فلور کو ورکرس کے لئے قیام اور اشیاء کو جمع کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ اوپری منزل حجاج کی رہائش کیلئے مختص رہے گی۔ ہر ایک خیمے میں 8 حجاج کے لئے اضافی رہائش فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ عباس قطب نے مزید کہاکہ اِس پراجکٹ کا مکہ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے معائنہ کیا ہے اور وزارت حج و عمرہ نے اِس کی حمایت کی ہے۔اِن خیموں کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ آگ نہیں پکڑتے۔ خیموں کو آسانی سے نکال کر تہہ در تہہ کرکے محفوظ کیا جاسکتا پھر دوبارہ کھڑا بھی کیا جاسکتا ہے۔