عمرہ زائرین کے پاس صرف 4 دن باقی ! سعودی وزارتِ داخلہ کا سخت انتباہ
ریاض۔ 14 اپریل (یو این آئی) سعودی وزارت داخلہ نے عمرہ ویزا ہولڈرز کو 18 اپریل تک سعودی عرب چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے کہا عمرہ پرمٹس 18 اپریل سے 21 مئی تک معطل رہیں گے۔ وزارتِ داخلہ نے حج سیزن 1447ھ کے پُرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مکہ مکرمہ میں داخلے کے حوالے سے نئے اور سخت ضوابط کا اعلان کر دیا ہے ۔ وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ 13اپریل سے مکہ مکرمہ کی حدود میں داخلے کیلئے پرمٹ کا ہونا لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔ اب صرف ان افراد کو مکہ مکرمہ جانے کی اجازت ہوگی جن کے پاس باقاعدہ ‘حج پرمٹ’ یا وہاں کا ‘رہائشی اجازت نامہ (اقامہ) موجود ہوگا۔ حج ویزہ رکھنے والے غیر ملکی زائرین ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے اور وہ اپنے شیڈول کے مطابق داخل ہو سکیں گے ۔ نئے قواعد کے تحت تمام عمرہ ویزہ ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 18 اپریل تک سعودی عرب چھوڑ دیں۔ سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ 18 اپریل کے بعد تمام عام ویزہ ہولڈرز کیلئے مکہ مکرمہ کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہوگا تاکہ حج کے انتظامات میں کسی قسم کا خلل واقع نہ ہو۔ دوسری طرف سعودی عرب میں حج 2026 کے مقدس سفر کا آغاز قریب ہے اور سعودی حکومت کی جانب سے منیٰ میں دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمینِ حج کے خیرمقدم کیلئے تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں۔ منیٰ کو ’خیموں کا شہر‘ بھی کہا جاتا ہے ۔