امپھال، 19 اپریل (یو این آئی) منی پور میں اتوار کو پانچ روزہ مکمل بند کی وجہ سے معمولات زندگی پوری طرح درہم برہم رہے ۔واضح رہے کہ بشنو پور ضلع کے ترونگلا اوبی میں 7 اپریل کو ہوئی فائرنگ میں پانچ سالہ لڑکے اور پانچ سالہ لڑکی کی موت ہو گئی تھی۔ اس معاملے میں حکومت کی جانب سے مناسب کارروائی نہ ہونے کے خلاف یہ بند 25 اپریل تک نافذ رہے گا۔ راکٹ حملے میں شدید زخمی ہوئی ان بچوں کی ماں کو اسپتال سے چھٹی مل گئی ہے ، جبکہ ان کے والد بھی گھر لوٹ آئے ہیں۔ واضح رہے کہ والد بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوان ہیں۔اس معاملے میں سکیورٹی فورسز نے اب تک پانچ عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا ہے اور تحقیقات قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ آج اری پوک میں بزرگ شہریوں نے دھرنا دیا اور بچوں کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ منی پور حکومت نے امپھال ویسٹ، امپھال ایسٹ، تھوبل، کاکچنگ اور بشنو پور اضلاع میں کچھ نرمی کے ساتھ کرفیو نافذ کر دیا ہے ۔ کل ہی حکومت نے انٹرنیٹ سے پابندی ہٹائی تھی۔بچوں کے قتل کے خلاف بنائی گئی ‘جوائنٹ ایکشن کمیٹی’ (جے اے سی) کے مطابق، حکومت کے ساتھ کئی دور کی بات چیت ہوئی، لیکن اب تک کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکا ہے ۔