منی پور میں پھرتشدد فائرنگ میں ایک شخص ہلاک

   

امپھال :منی پور میں ایک بار پھر فائرنگ اور تشدد کا معاملہ پیش آیا ہے۔ ہفتہ کی صبح دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ ہوئی جس میں ایک شخص کی گولی لگنے سے موت بھی واقع ہو گئی ہے۔ تازہ تصادم کے بعد سیکورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ ہفتہ کی علی الصبح لمسانگ پی ایس (کانگپوکپی۔امپھال مغرب ضلع کی سرحد) کے تحت علاقہ کڈانگ بند میں جنگ زدہ طبقات کے سویم سیوکوں کے درمیان شدید گولی باری ہوئی۔ واقعہ کے دوران میتئی گاؤں کے ایک سویم سیوک کی موت ہوئی ہے۔امپھال مغرب ضلع کے میانگ لانگجنگ باشندہ ننگومبم کی گولی لگنے سے موت ہو گئی۔ اس کے بعد تشدد میں مزید اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا جانے لگا ہے۔ حالانکہ تشدد پر قابو پانے کیلئے علاقے میں تعینات سیکورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ میتئی طبقہ کو ایس ٹی کا درجہ دیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ 3 مئی کو پہاڑی ضلعوں میں ’آدیواسی اتحاد مارچ‘ کا انعقاد ہوا تھا۔ اس کے بعد سے ہی تصادم کا دور شروع ہوا جو اب تک جاری ہے۔
مئی سے اب تک 160 سے زائد لوگوں کی جان جا چکی ہے اور ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔