نئی دہلی: ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کی آنکھ میں اس وقت قینچی گھونپ دی جب اس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر گانے سننے کیلئے اس سے موبائل فون مانگا تھا۔ اترپردیش کے باغپت میں پیش آئے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے، پولیس اسٹیشن انچارج سویرتنا گوتم نے کہا کہ انکت نے اپنی بیوی پرینکا کے خلاف اس واقعے کے بارے میں شکایت درج کرائی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پولیس نے ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس اسٹیشن انچارج نے بتایا کہ انکت نے پرینکا سے یوٹیوب پر گانے سننے کیلئے ان کا موبائل فون مانگا تھا۔ بیوی نے یہ کہہ کر موبائل دینے سے انکار کر دیا کہ وہ اپنے موبائل پر گانے سنے۔ اس بات پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد پرینکا نے مبینہ طور پر انکیت کی آنکھ میں قینچی گھونپ دی۔ انکت کے گھر والوں نے اسے قریبی کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا ہے۔ اسٹیشن انچارج نے کہا کہ تحقیقات کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔