بیجنگ:15اپریل ( یو این آئی)چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور روس کے تعلقات کا استحکام موجودہ افراتفری سے بھرے بین الاقوامی منظرنامے میں خاص طور پر ’قیمتی‘ ہے۔امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق چہارشنبہ کو بیجنگ میں روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کے دوران صدر شی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے معاہدے کی مضبوطی اور اس کی مثالی اہمیت ایسے حالات میں اور بھی نمایاں ہو جاتی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کو ان کے اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان طے شدہ اتفاقِ رائے کو مکمل طور پر نافذ کرنا ہوگا، اور سٹریٹجک رابطے اور قریبی سفارتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔صدر شی نے بیجنگ اور ماسکو کے درمیان جامع سٹریٹجک شراکت داری کو ’زیادہ بلند، زیادہ مستحکم اور زیادہ دور تک‘ لے جانے پر زور دیا۔چین اور روس کے تعلقات حالیہ برسوں میں مزید گہرے ہوئے ہیں، خاص طور پر 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد۔ ستمبر میں پوتن کے دورہ چین کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو ’پرانا دوست‘ اور ’عزیز دوست‘ کہہ کر مخاطب کیا۔روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف منگل کو اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کی دعوت پر دو روزہ دورہ کیلئے بیجنگ پہنچے۔