مودی حکومت دوسری میعاد کے وعدوں کی تکمیل پر رواں دواں

   

50 دنوں کی کارکردگی پر رپورٹ کارڈ پیش۔ 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت خواب نہیں حقیقت ہوگی:جاؤڈیکر

نئی دہلی 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مودی حکومت نے اقتدار کے اپنے50 دن پورے کرنے کے بعد آج رپورٹ کارڈ پیش کرتے ہوئے کہاکہ اُس نے پہلے ہی تیز ترقی اور اصلاحات کی رفتار بڑھانے کے اپنے وعدے پر عمل شروع کردیا ہے۔ مودی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اُس کی سابقہ میعاد کے مقابل دوسری میعاد تیز تر ترقی کی حامل ہوگی۔ وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاؤڈیکر نے رپورٹ کارڈ پیش کرتے ہوئے حکومت کے کارہائے نمایاں بیان کئے اور دعویٰ کیاکہ دوسری میعاد کے ابتدائی 50 دنوں میں رفتار، ہنر اور اونچائی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے سماج کے تمام طبقات بشمول کسانوں، تاجرین اور چھوٹے کاروباروں، بے روزگار نوجوانوں اور متوسط طبقے کی بھلائی کے لئے کام شروع کردیئے ہیں۔ جاؤڈیکر نے کہاکہ ملک نے محسوس کیا ہے کہ اصلاحات کی رفتار یقینی طور پر تیز رہے گی اور تمام طبقات کے لئے پہلی میعاد کے مقابل بہبود و انصاف میں تیزی لائی جائے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بی جے پی کو 303 نشستیں حاصل ہونے کے بعد 30 مئی کو حلف لیا تھا۔ یہ 1971 ء کے بعد پہلا موقع رہا جب کوئی موجودہ حکومت زبردست خط اعتماد کے ساتھ اقتدار پر واپس ہوئی۔ جاؤڈیکر نے میڈیا والوں کو بتایا کہ 5 ٹریلین امریکی ڈالر کی معیشت کا ٹارگٹ محض خواب نہیں بلکہ اِس کے لئے باضابطہ خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ ابتدائی 50 دنوں میں ظاہر ہوچکا ہے کہ مودی حکومت کی دوسری میعاد زیادہ مؤثر رہے گی اور اپنی پہلی میعاد کی کامیابی کو آگے بڑھائے گی۔