نئی دہلی، 4 جون (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے نیٹ امتحان میں بے قاعدگیوں کے لئے مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ نیٹ پیپر لیک ہونے کی وجہ سے جان گنوانے والی آکانکشا کی موت خودکشی نہیں، بلکہ ایک کرپٹ اور ٹوٹے ہوئے نظام کا نتیجہ ہے ۔راہول گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا ایکس پر کہا کہ آکانکشا ڈاکٹر بن کر ملک اور سماج کی خدمت کرنا چاہتی تھی۔ اس کے والد کسان ہیں، جنہوں نے بیٹی کے خواب کو پورا کرنے کے لیے کسان کریڈٹ کارڈ پر 3 لاکھ روپے کا قرض لیا اور ناگپور میں باورچی کے طور پر کام کیا تاکہ وہ کوچنگ کرسکے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ ایک والد نے ہر ممکن کوشش کی، لیکن این ای ای ٹی پیپر لیک ہونے اور امتحان کی منسوخی سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے درمیان آکانکشا ہمیں چھوڑکر چلی گئی۔ راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ یہ صرف ایک طالب علم کا المیہ نہیں ہے بلکہ تعلیمی نظام کی ناکامی کی علامت ہے۔