مودی حکومت نے عوام کو صرف مہنگائی اور بیروزگاری دی :پرینکا

,

   

رائے بریلی اور امیٹھی میں راہول اور کشوری لال کیلئے انتخابی مہم
رائے بریلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت نے اپنے دس سالہ میعاد کار میں ملک کو مہنگائی اور بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ اپنے بھائی اور کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کی حمایت میں چہارشنبہ کو عوامی رابطہ مہم کرنے یہاں پہنچی پرینکا نے بچھراواں اور تھلواسا میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کا واحد مقصد چنندہ سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانا ، ان کے قرض معاف کرنا ہے۔ وہیں دوسری جانب عام آدمی کو پانچ کلو مفت راشن کا لالچ دیکر حکومت نے انہیں مہنگائی اور بیروزگاری کے دلدل میں ڈھکیل دیا ہے۔پرینکا نے رائے بریلی سے کانگریس امیدوار راہول اور پڑوسی حلقہ لوک سبھا امیٹھی سے پارٹی امیدوار کشوری لال شرما کی انتخابی مہم کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کے تئیں جہدکار راہول گاندھی کو روکنے کی بی جے پی حکومت نے تمام کوششیں کیں۔ انہیں پارلیمنٹ سے باہر نکالا، یہاں تک کہ انہیں گھر سے بھی بیدخل کردیا لیکن ملک کی آزادی کے بانی بابائے قوم مہاتما گاندھی کے اقدار پر چلتے ہوئے راہول گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر اور منی پور سے ممبئی تک کی ہزاروں کلو میٹر کی پد یاترا کرکے لوگوں کے مسائل کو سمجھا اور ان کی آواز بلند کی۔پرینکا نے کہا کہ سال 2014 سے پہلے کانگریس کی حکومت نے مہنگائی اور بیروزگار کی مار سے عوام کو بچانے کیلئے تمام اسکیمات چلائیں لیکن موجودہ حکومت صرف چند سرمایہ داروں کیلئے اسکیمات چلا رہی ہے ۔ اسے ملک کے غریب عوام کی تکلیف سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ کھاد، بیج مہنگے ہورہے ہیں۔ ملک کا کسان پریشان ہوکر خودکشیاں کررہا ہے۔ وہیں مزدور کے پاس کوئی کام نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں سرکاری اسامیاں خالی ہونے کے باوجود حکومت نوجوانوں کو روزگار کیلئے ترسائے ہوئے ہے ۔
اگنی ویر اسکیم لاکر حکومت نے سرحد کے تحفظ کرنے والے نوجوانوں کا مستقبل بھی تاریکی میں ڈال دیا ہے ۔رائے بریلی سے خاندانی رشتہ جوڑتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی ماں سونیا گاندھی سال2004 سے یہاں سے ایم پی رہی ہیں۔ یہاں کی مٹی سے ان کے کنبے کا دل کا رشتہ ہے ۔ گاندھی صحت وجوہات سے گذشتہ کچھ وقت سے رائے بریلی نہیں آسکیں لیکن وہ دہلی میں بیتھ کر بھی یہاں کے لوگوں کے مسائل کو نہ صرف جانتی سمجھتی رہیں بلکہ مخالف حالات میں بھی عوامی مسائل کے تصفیہ کی پوری کوشش کی۔اب میرے بھائی راہول کو رائے بریلی کی عوام کے آشیرواد کی ضرورت ہے ۔ انہیں پورا اعتماد ہے کہ رائے بریلی کا پیار ان کے کنبے کو پہلے کی طرح ہی ملتا رہے گا۔