مودی لہر نہیں، بی جے پی کو شکست ہوگی: امریندر

   

پٹیالہ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے آج دعویٰ کیاکہ ملک میں کوئی مودی لہر نہیں ہے اور بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کیا جانے والا ہے، جس نے کوئی کارہائے نمایاں انجام نہیں دیئے ہیں۔ چیف منسٹر نے اعتماد بھی ظاہر کیاکہ کانگریس ریاست میں تمام 13 لوک سبھا نشستیں جیتے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی لہر نہ ہونے اور حکومت کے پاس دکھانے کے لئے کوئی کارگذاری کے فقدان کی وجہ سے ریاست میں بی جے پی پوری طرح پسپا ہے اور اقتدار سے بیدخل ہوجائے گی۔ چیف منسٹر نے اپنی شریک حیات اور کانگریس کی پٹیالہ لوک سبھا امیدوار پرینیت کور کے ہمراہ یہاں ڈپٹی کمشنر کے آفس میں کاغذات نامزدگی کے ادخال کے سلسلہ میں آئے تھے۔ اُن کے فرزند رانیندر سنگھ، بیٹی جئے اندر کور اور پوتا نروان بھی موجود تھے۔