مودی ملک کی معیشت پر صورتحال واضح کریں : کجریوال

   

نئی دہلی، 12 مئی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس بارے میں صورتحال واضح کرنی چاہیے کہ اس وقت ملک کی معیشت کیسی ہے اور ایک سال بعد معیشت کیسی رہنے والی ہے ۔ کجریوال نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ مغربی ایشیا کے بحران کا اثر پوری دنیا پر ہے لیکن وزیر اعظم نے جس طرح ہم وطنوں سے سات مطالبات کیے ہیں، اس طرح کے اقدامات کسی ملک نے نہیں اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے جو تمام اقدامات اٹھائے ہیں اس سے متوسط طبقہ متاثر ہوا ہے ۔ وزیر اعظم نے صرف متوسط طبقے سے ہی قربانی دینے کی اپیل کی ہے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ اگر سب سے زیادہ قربانی دینی تھی تو حکومت کو اپنے اخراجات میں کٹوتی کرنی چاہیے تھی لیکن اس نے کوئی کٹوتی نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے جو کچھ بھی کرنے کی ضرورت ہے وہ سب کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن صرف متوسط طبقے کو نشانہ نہ بنایا جائے ۔ کجریوال نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نیٹ پیپر لیک لوگوں کے ساتھ دھوکہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک چار بار نیٹ پیپر لیک ہو چکا ہے ۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بڑے پیمانے پر کوئی ملی بھگت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جو پیپر لیک نہیں روک سکتے وہ حکومت کیا چلائیں گے ۔ حکومت لاکھوں بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے ۔ انہوں نے حکومت کے خلاف عوامی تحریک کے لیے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی۔