مودی نے اڈیشہ میں 47,600 کروڑ کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا

   

بھونیشور/نئی دہلی، 20 جون (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اڈیشہ کے ضلع میوربھنج کے گاؤں پہاڑپور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے 47,600 کروڑ سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم نے مقدس قبائلی مقامات ‘سانتھالی جاہیرا ‘ اور ‘ہو جاہیرا’ میں حاضری دی، ایک ہنر مندی مرکز اور پہاڑپور اسکول کا دورہ کیا اور ضلع میوربھنج کے رائرنگ پور میں خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ یہ تقریب اڈیشہ حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر وکاس را دھارا، اڈیشہ ساراکے عنوان سے منعقد کی گئی تھی۔ وزیر اعظم نے ریاست میں بی جے پی حکومت کے دو سال کی تکمیل پر کہا کہ ڈبل انجن حکومت ریاست کی ترقی کی رفتار کو تیز کر رہی ہے اور عوامی فلاحی منصوبوں، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع کے ذریعے عام شہریوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا رہی ہے ۔ انہوں نے اڈیشہ کی ممتاز شخصیات، سنتھالی زبان کی اول چیکی رسم الخط کے خالق پنڈت رگھوناتھ مرمو، ڈاکٹر دمیانتی بیسرا اور چرن ہیمبرم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔