مودی چوکیدار کے ساتھ چور بھی ہیں : راہول گاندھی کا الزام

,

   

رافیل معاملت گھپلے کے راز کھلتے جا رہے ہیں۔ جے پی سی تحقیقات کے مطالبہ کا پھر اعادہ
نئی دہلی،8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس صدر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر رافیل سودے میں من مانی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ ثابت ہو گیا کہ مودی چوکیدار بھی ہیں اور چور بھی ہیں۔ ایک پریس کانفرنس میں راہول نے کہا کہ رافیل گھپلے کے راز کھلتے جا رہے ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع کے افسران نے بھی کہا ہے کہ رافیل سودے میں وزیر اعظم کے دفتر نے من مانی کرکے طریقہ عمل کی خلاف ورزی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع کے حکام کے انکشاف سے صاف ہو گیا ہے کہ فرانس کے سابق صدر اولاند نے جو کہا تھا وہ درست ہے اور مودی نے ملک کے عوام کے 30 ہزار کروڑ روپے انیل امبانی کی جیب میں ڈالے ہیں۔کانگریس صدر نے رافیل سودے کی پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی سے جانچ کرانے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ اگر اس میں گڑبڑ نہیں ہے تو وزیر اعظم کو جے پی سی سے جانچ سے بھاگنا نہیں چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ واضح ہوگیا ہے کہ مودی نے رافیل سودے میں قواعد عمل کی خلاف ورزی کرکے ایک صنعت کو فائدہ پہنچایا ہے ۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خود کو ملک کا ‘چوکیدار’ بتانے والے دہری شخصیت کے مالک ہیں اور وہ چوکیدار کے ساتھ چور بھی ہیں۔ پی چدمبرم اور پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا کے خلاف تحقیقات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ رافیل معاملے میں کارروائی کی جانی چاہئے ۔سابق وزیر دفاع اور چیف منسٹر گوا سے ملاقات پر گاندھی نے واضح کیا کہ ان کی بات رافیل پر نہیں بلکہ ان کی صحت کے بارے ہوئی تھی۔