نئی دہلی : وزیرِاعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ 10 سال کے عرصہ میں بہت سے فصلوں کی زیادہ سے زیادہ امدادی قیمت ادا کی جاتی رہی ہے۔ مودی کا کہنا ہے کہ زرعی شعبہ کو زیادہ سے زیادہ مضبوط کرنا حکومت کی ترجیحات میں سرِفہرست ہے۔ انہوں نے پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں کو یقین دلایا ہے کہ بیشتر فصلوں کی زیادہ سے زیادہ امدادی قیمت ادا کرنے کے حوالے سے کام ہو رہا ہے۔ تمام متعلقہ امور کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے کسان قیادت کو بہت جلد اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ نوبت احتجاج تک نہ پہنچے۔ پنجاب اور ہریانہ سے تعلق رکھنے والے کسانوں نے پانچ سال کے دوران کئی بار بہت بڑے پیمانے پر احتجاج کیا ہے جس کے نتیجے میں مرکزی دارالحکومت اور دوسرے بہت سے شہروں میں حالات خراب ہوتے رہے ہیں۔ کسانوں کا احتجاج کچلنے کے لیے دہلی، پنجاب اور ہریانہ کی پولیس تشدد آمیز ہتھکنڈے بھی آزماتی رہی ہے۔
ذات پات کے نام پر زہر پھیلانے کی سازش کو ناکام بنائیں: وزیر اعظم نریندر مودی
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ بتاتے ہوئے کہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر گاؤں کی ترقی سے ہی کی جا سکتی ہے ، آج کہا کہ کچھ لوگ ذات پات کے نام پر سماج میں زہر پھیلانے اور سماجی تانے بانے کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مودی نے یہاں نبارڈ کے ذریعہ منعقدہ چار روزہ دیہی ہندوستان مہوتسو کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں کی شناخت ہم آہنگی اور محبت ہے ۔ ان سازشوں کو ناکام بنانے اور گاؤں کی مشترکہ ثقافت کو برقرار رکھنے کے لیے سرگرمی سے کام کرنے کی انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ۔وزیر اعظم نے دیہاتوں کو بااختیار بنانے کے لیے مسلسل کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ گاؤں کی ترقی، ترقی یافتہ ہندوستان کی تشکیل کا باعث بنے گی۔ مودی نے زور دیا کہ پورے گاؤں کو مل کر اپنے گاؤں میں بنائے گئے امرت سروور کی دیکھ بھال کرنی چاہیے ۔ انہوں نے جاری ‘ایک پیڑ ماں کے نام’ مہم کا ذکر کیا اور ہر دیہاتی پر زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی اس پہل میں حصہ لینے کی اہمیت پر زور دیا۔