مودی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ضرورت سے زیادہ رعایت : احمد پٹیل

   

نئی دہلی۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے ٹوئٹ کیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کیلئے اب تک تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ کیا وہ وزیراعظم کے سرکاری دوروں کے اختتام کا انتظار کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ کمیشن نے ایک طرح سے وزیراعظم کو سہارا دیا ہے کہ وہ سرکاری خزانہ کی پرواہ کئے بغیر اپنے کاموں کو لمبا کھینچتے رہیں۔ احمد پٹیل نے سائٹ پر پوسٹ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن سرکاری کاموں کا بہانہ بناکر سیاسی ریالیاں ہونے دے رہا ہے۔ ٹی وی اور ریڈیو پر سیاسی اشتہارات بھرے پڑے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس نے حکومت کو چھوٹ دی ہے کہ وہ عوامی پیسہ خرچ کرتے ہوئے آخری لمحہ تک مہم جاری رکھے۔