دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے بعد ادھو اور راج ٹھاکرے کی مشترکہ فتح ریالی

,

   

ممبئی ، 26 جولائی (یو این آئی) مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد شیو سینا یو بی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے اور مہاراشٹرا نو نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے کی قیادت میں اتوار کو ممبئی کے دادر واقع شیواجی پارک میں مشترکہ فتح ریلی نکالی گئی، جس میں ہزاروں نوجوانوں، طلبہ، پارٹی کارکنوں اور شہریوں نے شرکت کی۔ ریلی شیواجی پارک کے قریب وسنت دیسائی چوک سے شروع ہو کر سدھی ونائک مندر کی جانب روانہ ہوئی، جبکہ اس کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا۔ ریلی کے پیش نظر ممبئی پولیس نے شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے ۔ شیواجی پارک، دادر، پربھا دیوی، سدھی ونائک مندر اور اطراف کے علاقوں میں اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات اور متبادل راستوں کا بھی بندوبست کیا گیا۔دھرمیندر پردھان نے مبینہ نیٹ پرچہ لیک معاملے پر نوجوانوں کے مسلسل احتجاج اور بڑھتے ہوئے دباؤ کے بعد ہفتہ کو استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد دہلی کے جنتر منتر پر کئی ہفتوں سے جاری طلبہ تحریک بھی اختتام پذیر ہوگئی۔ استعفے کے چند گھنٹوں بعد مرکزی وزیر پرہلاد جوشی کو وزارت تعلیم کا اضافی قلمدان سونپ دیا گیا۔ وہ پہلے ہی امورِ صارفین، خوراک و عوامی تقسیم اور نئی و قابلِ تجدید توانائی کی وزارتوں کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ شیواجی پارک میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے نیٹ امتحان سے متعلق احتجاج کے دوران خودکشی کرنے والے 21 طلبہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے نام پڑھ کر انہیں یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کامیاب تحریک نے ثابت کر دیا ہے کہ نئی نسل حکومت کو چیلنج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور یہ نوجوانوں کی جمہوری طاقت کی واضح مثال ہے ۔