مودی کو تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے سے روکنے پرشانت کشور کی منصوبہ بندی

   

اپوزیشن کو کانگریس سے قریب کرنے کی کوشش، ڈاکٹرلکشمن کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔25 ۔ اپریل (سیاست نیوز) بی جے پی کے سینئر قائد ڈاکٹر لکشمن نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی کو تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے سے روکنے کیلئے پرشانت کشور سرگرم ہوچکے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ پرشانت کشور مخالف بی جے پی علاقائی جماعتوں کو کانگریس کے قریب کرنے کی مہم پر ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس دراصل ٹی آر ایس کی بی ٹیم کا رول ادا کر رہی ہے۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان خفیہ معاہدہ ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ عوام حقائق سے اچھی طرح واقف ہیں۔ کتنے ہی پارٹیاں متحد ہوجائیں ، وزیراعظم نریندر مودی کو نقصان نہیں ہوگا۔ نریندر مودی تیسری مرتبہ ملک کے وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل تک بی جے پی اور کانگریس کے متبادل فرنٹ کے قیام کیلئے کے سی آر نے مساعی کی تھی۔ پرشانت کشور سے ملاقات کے بعد کے سی آر نے پرشانت کشور کی کانگریس میں شمولیت کی منصوبہ بندی کی ہے۔ کانگریس میں رہ کر وہ کے سی آر کے منصوبہ پر عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں پرشانت کشورکی کے سی آر سے ملاقات کا ایجنڈہ کچھ اور تھا لیکن اخبارات کیلئے علحدہ خبریں جاری کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پرشانت کشور اور کے سی آر کی منصوبہ بندی تلنگانہ میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگی۔ سابق میں ٹی آر ایس اور کانگریس مفاہمت کے ساتھ کام کرچکے ہیں اور عوام دوبارہ ان پارٹیوں پر بھروسہ کرنے والے نہیں۔ تلنگانہ میں بی جے پی کی مقبولیت میں اضافہ ہوچکا ہے۔ر