سردار پٹیل کے ویژن نے جموں و کشمیر کے فیصلے میں مدد کی

,

   

یوم آزادی حیدرآباد سردار پٹیل کی بصیرت کا نتیجہ ہے۔ وزیراعظم مودی کا 69 ویں سالگرہ کے موقع پر مجسمہ اتحاد و دیگر مقامات کا دورہ
کیواڈیا(گجرات )۔ 17ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج سردار پٹیل کی بصیرت کو سراہتے ہوئے کہاکہ بی جے پی زـیرقیادت حکومت کا گزشتہ ماہ جموںو کشمیر کے بارے میں فیصلہ ہندوستان کے سابق وزیر داخلہ سے حاصل کردہ تحریک کے سبب ممکن ہوا ۔ مودی نے جو آج 69 سال کے ہوگئے ، یہاں ایک عام ریلی میں کہا کہ مرکزی حکومت کا کشمیر کے تعلق سے فیصلہ سردار پٹیل کے ویژن کا تسلسل اور ایک دیرینہ مسئلے کا حل ڈھونڈنے کی کوشش ہے ۔ اُنھوں نے کہا کہ ملک نے سردار پٹیل سے تحریک حاصل کرتے ہوئے ایک اہم فیصلہ کیا ہے تاکہ کئی دہے قدیم اس مسئلے کی یکسوئی کیلئے نئی راہ تلاش کی جائے ۔ حکومت نے 5 اگسٹ کو آرٹیکل 370 منسوخ کردیا جس نے جموں وکشمیر کو خصوصی درجہ دے رکھا تھا ، اور تجویز رکھی کہ اس ریاست کو دو مرکزی زیرانتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کردیا جائے ۔ پی ایم نے کہاکہ یوم آزادی حیدرآباد سردار پٹیل کے ویژن کا نتیجہ ہے ۔ 17 ستمبر سال 1948 ء کا وہ دن ہے جو سابقہ حیدرآباد اسٹیٹ کو انڈین یونین میں ضم کرلیا گیا تھا ۔ 1947 ء میں اُس وقت کے وزیرداخلہ پٹیل نے عثمان علی خان آصف جاہ سابع جو مملکت حیدرآباد کے آخری نظام ثابت ہوئے ، اُنھیں ہندوستان کے ساتھ شامل ہوجانے کی ترغیب دی تھی لیکن اُنھوں نے انکار کردیا ۔ اس کے بجائے اُنھوں نے 15 اگسٹ 1947 ء کو حیدرآباد آزاد قوم ہونے کا اعلان کیا تھا۔ چنانچہ ستمبر 1948 ء میں اُس وقت کے حیدرآباد ایسٹیٹ کے خلاف حیدرآباد ’’پولیس ایکشن ‘‘ کو آپریشن پولو کا کوڈ دیا گیا ۔ یہ ملٹری آپریشن رہا جس میں ہندوستانی مسلح افواج نے نظام حکمرانی والی ریاست پر حملہ کرتے ہوئے اُسے انڈین یونین میں ضم کرلیا۔ مودی نے کہاکہ اُنھیں مجسمۂ اتحاد کے مشاہدہ کے لئے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے ۔ 133 سال قدیم اسٹیچو آف لبرٹی (مجسمہ آزادی) کو روزانہ اوسطاً 10,000 لوگ دیکھنے جاتے ہیں اور محض 11 ماہ قدیم مجسمۂ اتحاد کے پاس تقریباً 8500 لوگ روزانہ آرہے ہیں ۔ مودی نے کہاکہ سردار سروور پراجکٹ گجرات ، مدھیہ پردیش ، مہاراشٹرا اور راجستھان کی ضرورتوں کو پورا کررہا ہے اور ان چاروں ریاستوں کی عوام کو فائدہ پہونچا ہے۔ مودی نے اُن لاکھوں عوام کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے سردار سروور پراجکٹ کو کامیاب بنایا۔ بڑے پراجکٹوں کے ماحولیاتی اثر کے بارے میں مودی نے کہاکہ ہمارا کلچر ترقی پر یقین رکھتا ہے اور ساتھ ہی ماحولیات کی حفاظت بھی کرتا ہے ۔ فطرت ایک جوہر کی مانند ہے اور ہمارے لئے بہت عزیز ہے ۔ چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی کے ہمراہ مودی نے ریاستی حکومت کے نوامی دیوی نرمدا مہا اُتسو تقاریب کے تحت پوجا میں حصہ لیاجو اس ڈیم میں بھرپور گنجائش کی حد تک پانی آنے کی خوشی میں منعقد کی جارہی ہیں ۔ مودی نے کیواڈیا میں بٹر فلائی گارڈن کا دورہ بھی کیا اور زعفرانی رنگ کی تتلی کو ریاستی تتلی قرار دیا ۔ اُنھوں نے دن کی شروعات مجسمہ اتحاد کے دورہ اور دریائے نرمدا پر تعمیر سردار سروور ڈیم کا معائنہ کرتے ہوئے کی ۔

مودی کو سالگرہ پر سونیا ، دیوے گوڑا راہول و دیگر کی مبارکباد
نئی دہلی ۔ 17ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو اُن کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن کی صحتمند اور طویل زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سابق وزیراعظم اور جے ڈی ایس سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا اور کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بھی مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے اُن کی اچھی صحت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دیوے گوڑا اور راہول دونوں نے ٹوئٹر کے ذریعہ اپنے پیاماتِ مبارکباد میں کہا کہ وہ وزیراعظم کی خوشحال زندگی کی خواہش رکھتے ہیں ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے بھی وزیراعظم کو مبارکبادی کے پیامات بھیجے ہیں۔