مودی کی تصویر والے ہورڈنگ ،کانگریس کی شکایت

   

نئی دہلی15مارچ(سیاست ڈاٹ کام )کانگریس نے الیکشن کمیشن سے وزیراعظم نریندرمودی کی تصویر والے ہورڈنگ کو عام مقامات سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے ۔کانگریس کے ایک وفد نے جمعہ کو یہاں الیکشن کمیشن سے مل کر اس سلسلے میں ایک میمورنڈم دیا اور اس سلسلے میں فوری طورپر کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔پارٹی کے ترجمان آر پی این سنگھ نے بعد میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پورے ملک میں 60 ہزار مقامات پر مسٹر مودی کی تصویر والے ہورڈنگ عام مقامات پر لگائے گئے ہیں۔انہوں نے اسے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی بتاتے ہوئے کہا کہ ہوائی اڈوں ،ریلوے اسٹیشنوں اور پٹرول پمپوں پر ہورڈنگ لگائی گئی ہیں۔مسٹر سنگھ نے الزام لگایا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں اضافہ کرکے تشہیر کے لئے ایسے ہورڈنگ لگائے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس طرح کے ہورڈنگ کو ہٹانے کی مہم چلائی جارہی ہے اور کچھ مقامات پر اگر اسے نہیں ہٹایا گیا تو جلد یہ ہٹایا جائے گا۔اس سلسلے میں آج الیکشن کمیشن کی ایک جائزہ میٹنگ ہوگی۔